پنجاب اسمبلی میں خیبرپختونخوا سیلاب متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کی قرارداد جمع

08-19-2025

(لاہور نیوز) خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔

یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ نے پیش کی جس میں سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کیا گیا ہے، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے اور متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی کارروائیوں کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ایوان وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی جانب سے متاثرین کی فوری امداد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس اقدام کو سراہتا ہے۔ قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان اس مشکل وقت میں خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ مکمل طور پر کھڑا ہے اور ان کی بحالی کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتا ہے۔