تمام ٹرینوں اور کوچز میں بریک پاور کی تصدیق لازمی قرار
08-19-2025
(ویب ڈیسک) پاکستان ریلوے نے حالیہ ٹرین حادثات کے بعد عوام ایکسپریس سمیت مختلف ٹرینوں میں بریک پاور کے معیار پر نظر ثانی کی ہے۔
آئندہ تمام ریل گاڑیوں اور گڈز ٹرینوں میں بریک پاور کو ریلوے ورک ٹو رولز کے مطابق 100 فیصد درست ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے، اب ہر ٹرین اور کوچ کے بریک پاور کی تصدیق ریلوے کے تکنیکی انجینئرنگ سٹاف کے ذریعے کی جائے گی، اگر کسی ٹرین یا کوچ کی بریک پاور مکمل طور پر درست نہیں پائی گئی تو اسے فوراً آپریشن سے الگ کر دیا جائے گا۔ چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے نے اس حوالے سے سرکلر جاری کیا ہے جو تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس اور ٹیکنیکل برانچز کو ارسال کیا گیا ہے، نئے سرکلر کے مطابق تمام سٹاف کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ کسی بھی ٹرین کو آپریشن کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ دینے سے پہلے ہر کوچ اور ویگن کی بریکنگ کی مکمل اپ ڈیٹ اور قبل از وقت ٹیسٹنگ ضروری ہو گی۔ چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانا، ریل سفر کو محفوظ بنانا، ٹرینوں کی بروقت آمدورفت کو ممکن بنانا اور آپریشنل معیار کو برقرار رکھنا ہے۔