لاہور سے کراچی جانیوالی فلائٹ 12 گھنٹے تاخیر کا شکار، مسافر خوار

08-18-2025

(لاہور نیوز) لاہور ایئرپورٹ پر پرائیویٹ ایئرلائن کی فلائٹ بارہ گھنٹے لیٹ ہونے پر مسافروں کا غصہ عروج پر پہنچ گیا، مسافروں نے فلائٹ لیٹ ہونے پر احتجاج بھی کیا۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر نجی ایئر لائن کی لاہور سے کراچی جانے والی پرواز کے 12 گھنٹے لیٹ ہونے پر مسافروں  نے احتجاج کیا  جبکہ مسافروں کی پرائیویٹ ایئر لائن کے عملے سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔ ذرائع کے مطابق پرواز پرائیویٹ ایئر لائن کی فلائٹ پی اے 411 کو پیر کے روز صبح 11 بجے لاہور سے کراچی جانا تھا، فلائٹ بروقت روانہ نہ ہوئی تو مسافر عملہ کی مسلسل ٹال مٹول سے غصے میں آ گئے اور انہوں  نے احتجاج شروع کر دیا۔ ایئرپورٹ ذرائع  نے بتایا کہ مسافروں کو صبح یہ کہہ کر گھروں کو بھیج دیا گیا کہ فلائٹ شام کو روانہ ہو گی، شام کے وقت دوبارہ بلاکر پرواز کو تکنیکی مسائل دور نہ ہونے کی وجہ سے  دوبارہ ملتوی کر دیا گیا، جس پر مسافروں  نے عملے سے شدید احتجاج کیا اور ٹکٹ کے پیسے واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔