رانا ثنااللہ خان کو پنجاب اسمبلی سے سینیٹ کی جنرل نشست پر ٹکٹ مل گیا

08-18-2025

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن نے رانا ثنااللہ خان کو پنجاب اسمبلی سے سینیٹ کی جنرل نشست پر ٹکٹ جاری کر دیا۔

پی ٹی آئی کے سابق سینیٹر اعجاز چوہدری کی نااہلی سے خالی ہونے والی سینیٹ کی  نشست پر انتخاب 9 ستمبر کو ہو گا، اعجاز چوہدری کو انسداد دہشتگردی عدالت نے دس سال قید کی سزا سنائی جس کے بعد یہ سیٹ خالی ہوئی۔ پاکستان مسلم لیگ نواز  نے پیر کو وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ خان کو پنجاب اسمبلی کی جنرل نشست کیلئے سینیٹ کا ٹکٹ جاری کر دیا ہے، رانا ثنا اللہ 8 فروری 2024 کے جنرل الیکشن میں فیصل آباد سے اپنی نشست ہار گئے تھے، انہیں وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنا مشیر بنا لیا تھا۔ دوسری جانب نواز شریف نے آئندہ ضمنی انتخابات میں تین حلقوں کے لیے پارٹی امیدواروں کے بارے میں مشاورت مکمل کی، جس کے بعد لاہور، وزیر آباد اور میانوالی میں سٹریٹجک تبدیلیوں کے درمیان اہم ناموں کو حتمی شکل دی گئی، اس مشاورت میں یہ طے ہوا کہ وزیرآباد میں احمد چٹھہ کی نا اہلی سے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست پر  بلال تارڑ مسلم لیگ ن کی نمائندگی کریں گے۔ لاہور میں پارٹی قیادت نے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کو میدان میں اتارنے پر غور کیا تاہم انہوں نے مبینہ طور پر اس پیشکش کو  قبول کرنے سے معذرت کر لی، جس کے بعد ان کی جگہ رانا مشہود احمد خان کو حلقے میں نامزد کرنے کے لیے مشاورت جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف آئندہ انتخابات میں خواجہ سعد  رفیق کو سینیٹ میں لانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔