پنجاب ترقی میں بہت جلد جاپان کی سطح پر آجائے گا: وزیر اعلیٰ مریم نواز
08-18-2025
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ لاہور کو بھی یوکوہاما کی طرز پر ترقی دینا چاہتے ہیں، پنجاب ترقی میں بہت جلد جاپان کی سطح پر آجائے گا، یوکوہاما کا ویسٹ مینجمنٹ سسٹم پنجاب میں نافذ کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ مریم نواز نے یوکوہاما میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ بھارت سے جنگ جیتنے کی آپ سب کو بہت بہت مبارک ہو، پاکستان نے معرکہ حق میں عظیم کامیابی حاصل کی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ دیکھ کر لگتا ہے لاہور میں جلسہ کر رہی ہوں، بھارت کے خلاف جنگ جیتنے پر بھی اوورسیز کو مبارک دیتی ہوں، معیشت کی مضبوطی میں بھی اوورسیز کا کردار ہے، پی ٹی آئی دور میں دوست ممالک سے تعلقات خراب کئے گئے، اقتدار سنبھالا تو پاکستان کے ڈیفالٹ کی باتیں ہو رہی تھیں، ہماری حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، ترسیلات زرمیں ریکارڈ اضافہ حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں اچھے ہسپتالوں کے باعث دیگر صوبوں سے مریض علاج کیلئے آتے ہیں، ملک میں عوام کو مفت دواؤں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، چند سال پہلے پاکستان سے کیا خبریں آرہی تھیں، مہنگائی 38 فیصد پر چلی گئی، آج تین سے چار فیصد پر ہے، ہماری حکومت نے ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں سموگ کے خاتمے کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں تاہم صوبے بھر میں ایئر کوالٹی انڈکس میں بہتری کیلئے بھی کوشاں ہیں۔