پی ڈی ایم اے نے نالہ لئی کی لائیو مانیٹرنگ شروع کر دی
08-18-2025
(لاہور نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے نالہ لئی کی براہ راست مانیٹرنگ کا عمل باضابطہ طور پر شروع کر دیا ہے۔
یہ اقدام سیف سٹیز اتھارٹی کے تعاون سے کیا گیا ہے جس کا مقصد ممکنہ سیلابی صورتحال سے بروقت آگاہی حاصل کرنا اور ہنگامی اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق نالہ لئی کے 9 حساس مقامات پر جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جن کے ذریعے پانی کی سطح اور دیگر ممکنہ خطرات کی نگرانی کی جا رہی ہے، یہ نظام ایمرجنسی ریسپانس اور شہریوں کے تحفظ کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ یہ جدید مانیٹرنگ سسٹم بارشوں کے دوران ممکنہ سیلاب کے خطرات کو کم کرنے، فوری ردِعمل کی حکمتِ عملی وضع کرنے اور متعلقہ اداروں کو بروقت خبردار کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔