گرمیوں کی چھٹیاں ختم: نویں، دسویں اور انٹرمیڈیٹ کلاسز کی پڑھائی شروع

08-18-2025

(لاہور نیوز) گرمی کی طویل چھٹیوں کے بعد آج سے صوبہ بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں نویں، دسویں اور انٹرمیڈیٹ کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے مطابق پرائمری اور مڈل کلاسز یعنی پہلی سے آٹھویں جماعت تک کی تعلیمی سرگرمیاں یکم ستمبر سے دوبارہ شروع ہوں گی، یہ فیصلہ تمام نجی اور سرکاری سکولوں پر یکساں طور پر نافذ العمل ہو گا۔ رانا سکندر حیات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے بچوں کی صحت اور گرمی کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ دوسری جانب نویں، دسویں اور انٹرمیڈیٹ کلاسز کے طلبہ آج سے سکولوں اور کالجوں میں واپس آ گئے ہیں اور معمول کے مطابق تدریسی عمل شروع ہو چکا ہے۔ یاد رہے کہ رواں برس گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کے باعث تعلیمی اداروں کو معمول سے زیادہ تعطیلات دی گئی تھیں۔