محکمہ ایکسائز میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف
08-17-2025
(لاہور نیوز) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں ای پیمنٹ سسٹم نہ ہونے کے باعث محکمہ ایکسائز میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو علی حیدر گیلانی نے نوٹس لےلیا۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں ای پیمنٹ سسٹم نہ ہونے کے باعث محکمہ ایکسائز میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو علی حیدر گیلانی نے مالی بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتےہوئے آڈٹ رپورٹ پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2021 اور 22 میں ای پیمنٹ سسٹم نافذ نا کرنے سے پراپرٹی ٹیکس اور گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہوئیں، ایکسائز ملازمین نے کاغذی رسیدوں میں ہیر پھیر کرکے کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جبکہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پراپرٹی ٹیکس کی ریکوری میں ریکارڈ بے ضابطگیاں ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس میں بھی فراڈ کا انکشاف ہوا، چئیرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو نے محکمہ ایکسائز میں شفافیت کے لیے فوری ای سسٹم نافذ کرنے کی ہدایت کر دی، سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار مالی کا کہنا ہے کہ بے ضابطگیوں کا واحد حل ای پیمنٹ سسٹم ہے، پراپرٹی ٹیکس اور گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس سمیت تمام ادائیگیاں ای سسٹم کے ذریعے ہونی چاہئیں۔ اس سلسلے میں ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کا کہنا تھا کہ ای پیمنٹ سسٹم اور کیش لیس نظام نافذ کرنے سے ہی بد عنوانی کا خاتمہ ممکن ہے، مالی بے ضابطگیاں ہونے کی بڑی وجہ رسید سسٹم ہے جسے ختم کرنا ناگزیر ہے۔