پولیس کی کارروائی، خواتین سے پرس اور موبائل چھیننے والا گینگ گرفتار

08-16-2025

(لاہور نیوز) شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے خواتین سے پرس اور موبائل فون چھیننے والے گینگ کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ناصر اور عمران کے ناموں سے ہوئی ہے، جنہوں نے حالیہ دنوں میں متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، کارروائی کے دوران پولیس  نے ملزمان کے قبضے سے ایک موٹرسائیکل، زیورات، نقدی، موبائل فونز اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق 10 روز قبل شاہدرہ کے علاقے میں ایک خاتون کے ساتھ واردات کے دوران ملزمان موبائل اور پرس چھین کر فرار ہو گئے تھے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، جس کی مدد سے ان کی شناخت ممکن ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ان کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔