چہلم و عرس مبارک: 7 ہزار پولیس اہلکار و افسران کا فول پروف سکیورٹی پلان پر عمل درآمد جاری

08-15-2025

(لاہور نیوز) چہلم اور عرس مبارک پر لاہور پولیس کا فول پروف سکیورٹی پلان جاری، 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار و افسران ڈیوٹی پر مامور ہیں۔

دربار کے اطراف، شہر میں 40 مجالس اور 13 جلوسوں کے سکیورٹی پلان پر عمل درآمد جاری ہے، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے سکیورٹی انتظامات دیکھے اور شہر کے مختلف مقامات پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز  نے اندرون شہر سے نکلنے والے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ بھی کیا، جہاں پر انہیں بتایا گیا کہ مرکزی جلوس کے روٹ پر ہائی الرٹ، منسلک راستوں پر بھاری نفری تعینات ہے۔ ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ سیف سٹی کیمروں سے روٹ لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا جا رہا ہے، جلوس کے راستوں کی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہیں جبکہ گشت بھی جاری ہے، مقررہ داخلی راستوں کے سوا کسی کو داخلے کی اجازت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی جلوس پر 7 ہزار سے زائد افسران و جوان سکیورٹی ڈیوٹی دے رہے ہیں جبکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا تاہم شہری پولیس کا ساتھ دیں اور مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع کریں۔