مون سون کا نیا سپیل، 16 سے 20 اگست تک پنجاب میں بارشوں کی پیشگوئی
08-15-2025
(لاہور نیوز) مون سون کے آٹھویں سپیل کی پنجاب میں انٹری کا وقت قریب آ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 اگست سے 20 اگست کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اچھی اور وقفے وقفے سے موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، نیا بارشوں کا نظام اس ہفتے کے اختتام پر پنجاب میں موسم کی تبدیلی کا احساس دلانا شروع کر دے گا۔ دریاؤں کی موجودہ صورتحال: دریائے سندھ میں چشمہ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، تربیلا، کالا باغ اور تونسہ پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے چناب پر مرالہ اور خانکی پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے ستلج پر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب اور پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے خبردار کیا ہے کہ نئے بارشوں کے سپیل کے دوران دریاؤں میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کی اپیل: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کریں، ممکنہ خطرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہنگامی صورتحال میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔