حضرت داتا علی ہجویریؒ کے سالانہ عرس کا آخری روز، زائرین کی جوق در جوق حاضری

08-15-2025

(لاہور نیوز) عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا علی ہجویریؒ کے 982 ویں سالانہ عرس کی 3 روزہ تقریبات کا آج بروز جمعہ آخری روز ہے۔

سالانہ عرس کے آخری روز زائرین کی جوق درجوق حاضری کا سلسلہ جاری ہے، عرس کی تین روزہ تقریبات آج رات گئے خصوصی دعا کے ساتھ ختم ہو جائیں گی جس میں پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کی دعائیں کی جائیں گی، عرس کے دوران قرأت، نعت خوانی اور سماع کی محفلیں عروج پر ہیں، زائرین کیلئے لنگر کے انتظامات مکمل ہیں، دودھ کی سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں، مٹھائیوں اور دیگر اشیاء کی دکانیں بھی سج گئی ہیں۔ عرس کے تیسرے روز زائرین کی بڑی تعداد  نے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں، یہ سلسلہ عرس کے اختتام تک جاری رہے گا، ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند دور دراز علاقوں سے منتیں ماننے کیلئے آ رہے ہیں، عقیدت مند ٹولیوں کی شکل میں پیدل ڈھول کی تھاپ پر دھمال ڈالتے ہوئے مزار پر پہنچ رہے ہیں۔ لاہور جن کی نسبت سے داتا کی نگری کہلاتا ہے، ان کا نام علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا صاحبؒ ہے، حضرت علی ہجویری تقریباً 1 ہزار سال قبل افغانستان سے لاہور تشریف لائے اور بھاٹی دروازے کے قریب قیام فرمایا، اپنے اخلاق اور حُسنِ کردار سے غیر مسلموں کو گرویدۂ اسلام کیا، ان کی بے مثل تصنیف کشف المحجوب تصوف پر سند قرار دی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ داتا دربار جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر سیل کر دیئے گئے ہیں، ٹاؤن ہال کی جانب سے جانے والا راستہ بھی کنٹینرز اور خار دار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا، بلال گنج، کربلا گامے شاہ کے اطراف کے راستوں کو کنٹینرز لگا کر مکمل طور پر سیل کر دیا گیا، موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والے افراد کے گزرنے کا راستہ موجود ہے۔ ادھر پنجاب حکومت نے عرس کے موقع پر لاہور میں 15 اگست کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، ایم سی ایل، ایل ڈی اے، ٹیپا، واسا، پی ایچ اے، والڈ سٹی، روڈا، ایل ڈبلیو ایم سی زونز میں چھٹی ہو گی جبکہ سول سیکرٹریٹ اور ماتحت ادارے کھلے رہیں گے، جمعہ کو عام تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔