پنجاب کے دریاؤں میں نچلے سے درمیانے درجے کا سیلاب، الرٹ جاری

08-15-2025

(لاہور نیوز) پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق دریائے سندھ میں چشمہ بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ تربیلا، کالا باغ اور تونسہ بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ بیراج پر پانی کے بہاؤ میں کمی دیکھی گئی ہے، تاہم ہیڈ خانکی کے مقام پر بہاؤ میں اضافہ کے ساتھ نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ دریائے ستلج کے مقام گنڈا سنگھ والا پر پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے، جہاں اس وقت نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ  64 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادھر دریائے راوی کے نالہ بین شکرگڑھ میں بھی نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، تاہم پانی کا بہاؤ مستحکم ہے، ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے پہاڑی برساتی نالوں میں فی الحال کوئی بہاؤ نہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم 96 فیصد اور منگلا ڈیم 67 فیصد تک بھر چکے ہیں، تربیلا ڈیم کا موجودہ لیول 1546.50 فٹ جبکہ منگلا ڈیم کا لیول 1209.35 فٹ ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خصوصاً وہ افراد جو دریاؤں کے کناروں یا پانی کے پاٹ میں رہائش پذیر ہیں، فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، انہوں نے ہنگامی انخلاء کی صورت میں ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کی ہدایت بھی کی ہے۔