لاہور کے لبرٹی چوک میں آزادی کا جشن، فائر ورکس کا شاندار مظاہرہ

08-14-2025

(لاہور نیوز) لبرٹی چوک لاہور میں آزادی کا عظیم الشان جشن منایا گیا۔

لبرٹی چوک میں جشنِ آزادی کے موقع پر شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جہاں رنگا رنگ مناظر اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار عوام  نے بھرپور شرکت کی، لبرٹی چوک کو سبز و سفید قومی پرچموں، روشنیوں اور آرائشی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا، جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کئے گئے۔ تقریب کا سب سے بڑا مرکز میوزیکل کنسرٹ تھا، جہاں معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے اپنی دلکش آواز سے حاضرین کے دل جیت لئے، کنسرٹ کے دوران ہر طرف پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج سنائی دیتی رہی اور شہری جھومتے گاتے نظر  آئے۔ علاقائی ثقافت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے پنجابی، سندھی، بلوچی، خیبر پختونخوا، چترالی اور صوفی رقص کی خصوصی پرفارمنسز بھی پیش کی گئیں، جنہوں  نے تقریب کو مزید رنگین بنا دیا، اس موقع پر بڑی سکرینوں پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرنے والی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔ رات 12 بجے کا منظر اپنی مثال آپ تھا، جب آسمان شاندار آتش بازی سے جگمگا اٹھا، شہریوں  نے اس دلکش منظر کو کیمروں میں محفوظ کیا اور بچوں نے خوشی سے آسمان کی جانب ہاتھ بلند کئے۔ شہریوں نے تقریب کو نہایت شاندار قرار دیا، فیملیز کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک تقریب نہیں بلکہ حب الوطنی کے جذبے کا اظہار ہے، بچوں  نے سبز و سفید لباس زیب تن کیا ہوا تھا، گھروں، گلیوں اور گاڑیوں کو پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا اور ہر جانب ملی نغموں کی گونج سنائی دیتی رہی۔