چین کا ممتاز ٹیکسٹائل گروپ پنجاب میں بڑی ٹیکسٹائل مل لگائے گا، ایم او یو پر دستخط

08-13-2025

(لاہور نیوز) عوامی جمہوریہ چین کا ٹیکسٹائل ادارہ چیلنج ٹیکسٹائل گروپ پنجاب میں 150ملین ڈالر سرمایہ کاری کرے گا۔

 اس انویسٹمنٹ سے پنجاب میں ہزاروں بے روزگار ہنرمند اور غیر ہنرمند بے روزگاروں کو روزگار ملے گا اور پنجاب کی معیشت اور جی ڈی پی میں گراں قدر  اضافہ ہو گا۔ چیلنج  ٹیکسٹائل گروپ کی پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے بینک آف پنجاب  اور چیلنج فیشن پرائیوٹ لمیٹڈکے درمیان ایم او یو پر دستخط لاہور میں ایک پروقار تقریب میں ہوئے۔  چیلنج ٹیکسٹائل گروپ  چین کے بڑے ٹیکسٹائل کاروباری اداروں میں شامل ہے، چیلنج ٹیکسٹائل گروپ  پنجاب میں 150ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔  پنجاب میں 100ایکڑ پرجدید ترین سپیشل اکنامک زون بنایا جائے گا۔ اس زون میں چیلنج گروپ بھی اپنی ٹیکسٹائل ملز لگائے گا۔ چیلنج گروپ کی ٹیکسٹائل ملز میں ہر ماہ   20  لاکھ سے  80 لاکھ  گارمنٹس کی پروڈکشن کی جائے گی۔ پنجاب میں پاکستان کی سب سے بڑی ایڈوانسڈ ٹیکسٹائل مل لگائی جائے گی، چیلنج گروپ معروف امریکن برانڈز کے ذریعے گارمنٹس پنجاب میں مینوفیکچر کر کے یہیں سے ایکسپورٹ کرے گا۔ چیلنج گروپ کی ٹیکسٹائل ملز کے قیام سے پنجاب میں صرف 8ماہ میں 18ہزار  افراد کو روزگار ملے گا جب کہ اس پروجیکٹ کی توسیع سے  5 سال میں 25 ہزار افراد کو نوکریاں ملیں گی۔ اب تک سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق بڑے پیمانہ پر گارمنٹس کی تیاری کے لئے چیلنج گروپ خام مال بھی پاکستان سے حاصل کرےگا، چینی ٹیکسٹائیل جائینٹ کے اس میگا پراجیکٹ سے سالانہ 100ملین ڈالر سے زائدبرآمدات ہوں گی۔ آج لاہور میں عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل  زاؤ شیریں  نے وزیر اعلیٰ مریم نواز سے ملاقات کی، اس ملاقات میں چین کے بڑے ٹیکسٹائل گروپ چیلنج ٹیکسٹائل گروپ کے چیئرمین ویگو ہانگ اورچیلنج اپیرلز کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کیرن چن بھی شریک تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ساتھ ملاقات میں چیلنج گروپ کے چئیرمین اور چینی قونصل جنرل نے  پنجاب میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا اور چیلنج گروپ کے ڈائنامک پروجیکٹ کے خدوخال بھی ڈسکس کئے۔