بغیر لائسنس ادویات بنانے والی کمپنیز کیخلاف کارروائی، اہم انکشافات
08-11-2025
(لاہور نیوز) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے بغیر لائسنس ادویات بنانے والی کمپنیز کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
ڈریپ نے جعلی کمپنیوں اور جعلی ادویات سے متعلق الرٹ جاری کر دیا، جس کے مطابق جعلی کمپنیوں میں فیگا فارماسیوٹیکل کراچی، ایڈکوک فارماسیوٹیکلز لاہور شامل ہیں، اس کے علاوہ جعلی کمپنیوں میں الپائن لیبارٹریز کراچی اور ہیمیکس فارماسیوٹیکل کراچی شامل ہیں۔ ڈریپ نے فیگا فارما سیوٹیکل کی مسرون ٹیبلٹ، ایڈکوک فارماسیوٹیکلز کی کیٹفول او ڈی ٹیبلٹ جعلی قرار دیدیا ہے جبکہ الپائن لیبارٹریز کی ڈیپاسرون ٹیبلٹ، ہیمیکس فارماسیوٹیکل کی ڈروفا ٹیبلٹ بھی جعلی قرار دے دی گئی ہے۔ ڈریپ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈرگ، واٹر اینڈ فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری گلگت بلتستان نے ادویات کے نمونوں کی جانچ کی، لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد ادویات کو جعلی اور مضر صحت قرار دیا گیا، لیبارٹری رپورٹ کے بعد ڈریپ ٹاسک فورس نے مزید تحقیقات کیں جس کے دوران کمپنیوں کے بغیر لائسنس اور بغیر میڈیسن رجسٹریشن کا انکشاف ہوا۔ ڈریپ کی جانب سے متعلقہ اداروں، ہسپتالوں، فارمیسیز کو فوری کارروائی کی ہدایت کر دی گئی ہے، ڈریپ حکام کا کہنا ہے کہ جعلی کمپنیز کے خلاف کارروائی کا مقصد عوام کو ممکنہ صحت کے خطرات سے بچانا ہے۔