14 اگست کو قوم جشن آزادی منائے گی، فتنہ پارٹی فساد کی پلاننگ میں مصروف: عظمیٰ بخاری

08-11-2025

(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 14 اگست کو قوم آزادی کا جشن منائے گی، فتنہ پارٹی فساد کی پلاننگ کر رہی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ پارٹی کو کبھی حب الوطنی کا مظاہرہ بھی کر دینا چاہئے، اگر ان میں ذرا سی بھی پاکستانیت اور انسانیت باقی ہے تو وہ 14 اگست کے احتجاج سے باز آ جائیں، قومی دن پر احتجاج کسی محب وطن کا ایجنڈا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آئے گا، بہتر یہی ہے کہ پی ٹی آئی 14 اگست کا احتجاج ملتوی کرے، پنجاب میں 5 اگست کو بھی کوئی احتجاجی سرگرمی کامیاب نہیں ہوئی اور اب بھی کوئی نہیں نکلے گا، پنجاب بانی پی ٹی آئی کی جلاؤ گھیراؤ اور مار دھاڑ کی سیاست کو مسترد کر چکا ہے اور خیبرپختونخوا کے عوام بھی اس منفی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔ عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ 2014 کے دھرنوں کی پیداوار جماعت نے احتجاج اور دھرنے کو اپنا مشغلہ بنا لیا ہے، اس جماعت کے نزدیک نہ کوئی قومی دن اہم ہے اور نہ مذہبی تہوار، قیدی نمبر 420 کی ہر بات پر لبیک کہنے والا ٹولہ جہالت کی انتہا کو پہنچ چکا ہے، 14 اگست کو کسی فسادی ٹولے کو عوام کی خوشیاں خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔