فلور ملز مالکان کی من مانی، 20 کلو آٹے کا تھیلا 140 روپے کلو مہنگا
08-11-2025
(لاہور نیوز) چینی بحران کے بعد اب آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ غریب عوام پر ایک اور کاری ضرب بن گیا۔
فلور ملز مالکان کی جانب سے آٹے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا گیا جس سے روزمرہ کی ضروریات پوری کرنا متوسط اور غریب طبقے کیلئے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق 20 کلو آٹے کا تھیلا جو حال ہی میں 1260 روپے میں دستیاب تھا، اب بڑھ کر 1400 روپے تک پہنچ چکا ہے، یعنی فی کلو قیمت 70 روپے سے بڑھ کر تقریباً 140 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے جو ایک ناقابل فہم اور عوام دشمن اضافہ ہے۔ صدر کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن پنجاب حافظ عارف گجر نے اس صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلور ملز مالکان بلا جواز اور بغیر کسی پیشگی اطلاع کے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کر رہے ہیں، حکومت کی خاموشی اور ناقص حکمت عملی کی وجہ سے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی کا بحران ابھی حل نہیں ہوا تھا کہ آٹے کی قیمتوں میں بھی اچانک اور شدید اضافہ شروع ہو گیا ہے جو عام آدمی کیلئے ناقابل برداشت بوجھ بن چکا ہے۔