لاہور ایئر پورٹ: غیر ملکی مسافر سے منشیات کی بھاری کھیپ پکڑی گئی

08-08-2025

(لاہور نیوز) لاہور ایئر پورٹ پر منشیات کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، غیر ملکی مسافر کے سامان سے 15 کلو گرام منشیات برآمد ہو گئی۔

کلکٹر کسٹم ایئر پورٹس طاہر حبیب چیمہ کی خفیہ اطلاع پر مشکوک مسافر کی ریکی کی گئی۔ کسٹم حکام کے مطابق لاہور ایئر پورٹ پر بنکاک سے آنے والے غیرملکی مسافر کے سامان سے 15 کلوگرام منشیات برآمد ہو گئی، غیر ملکی باشندہ تھائی ایئرلائن کی پرواز سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچا تھا۔ مشکوک مسافر بین الاقوامی آمد کے گرین چینل سے سامان لئے بغیر ہی گزر گیا، جو کچھ دیر بعد سامان لینے کیلئے انٹرنیشنل ارائیول ہال میں واپس پہنچا۔ اس موقع پر کسٹم ٹیم  نے سامان کی تلاشی لی تو 3 کروڑ 10 لاکھ روپے مالیت کی منشیات برآمد ہوئی، جس پر کسٹم ٹیم  نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔