پنجاب: کالجز، ہسپتالوں اور عدالتوں کی سولرائزیشن کیلئے 22 ارب کے فنڈز منظور
08-08-2025
(لاہور نیوز) صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 22 ارب 18 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کر لئے گئے۔
فنڈز کی منظوری صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 16ویں اجلاس میں دی گئی، اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ ڈاکٹر نعیم رؤف نے کی، پنجاب میں جھینگا کی فارمنگ کیلئے 9 ارب 94 کروڑ منظور کیے گئے، بڑے پیمانے پر جھینگا کی فارمنگ کی فزیبلٹی سٹڈی کیلئے 50 کروڑ منظور ہوئے۔ پنجاب میں سرکاری کالجوں کی سولرائزیشن کیلئے 2 ارب 94 کروڑ منظور کیے گئے، پنجاب میں الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی فزیبلٹی سٹڈی کیلئے 3 کروڑ منظور ہوئے، پنجاب کے ڈسٹرکٹ، سیشن کورٹس اور ہائی کورٹ بنچز کی سولرائزیشن کیلئے 3 ارب منظور کیے گئے۔ پنجاب کے 52 ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی سولرائزیشن کیلئے 97 کروڑ منظور ہوئے ،ریسکیو میں ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن کے انٹرن شپ پروگرام کیلئے 1 ارب 5 کروڑ منظور کر لیے گئے۔ پنجاب کی 39 تحصیلوں میں فائر سروس کیلئے 1ارب 88 کروڑ منظور ہوئے، پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں ایمبولینسز کی فراہمی کیلئے 1 ارب 85 کروڑ منظور ہوئے، اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ رفاقت علی ،ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ سیکٹرز کے افسر بھی شریک ہوئے۔