سروائیکل کینسر سے بچاو کی ویکسی نیشن مہم کاآغاز کب ہوگا؟تاریخ کا حتمی اعلان ہوگیا
08-08-2025
(ویب ڈیسک)سروائیکل کینسر سےبچاو کی ویکسی نیشن مہم کا آغاز 15ستمبرسے کیا گیا جائے گا۔
تفصیلات کےمطابق صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت ضلعی سطح پر ایچ پی وی ویکسی نیشن مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔تمام اضلاع سے سی ای او ہیلتھ نے آن لائن شرکت کی ، ایڈیشنل سیکریٹریز ورٹیکل پروگرام، ٹیکنیکل اور ڈی جی ہیلتھ ،ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر ثمرہ بھی موقع پر موجود تھے ،بریفنگ میں بتایا گیا کہ سروائیکل کینسر سے بچاو کی ویکسی نیشن مہم کا باقاعدہ آغاز 15 ستمبر سے کیا جائے گا،مہم میں 9 سے 14 سال تک کی بچوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی، اجلاس میں 8 ملین بچیوں کو ویکسینیٹ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ۔ خواجہ عمران نذیرنے کہاوزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر کی بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاو کی ویکسی نیشن کی جائے گی، مریم نواز شریف کا حکم ہے کہ صوبے کی کوئی بھی بیٹی اینٹی سروائیکل کینسر ویکسین سے محروم نہیں رہنی چائیے،ایچ پی وی ویکسین عالمی ادارہ صحت سے منظور شدہ اور مکمل محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کے علاوہ مراکز صحت اور کلینک آن ویلز پر بھی ایچ پی وی ویکسین کی سہولت مفت دستیاب ہو، ضلعی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمز تشکیل دے کرویکسی نیشن مہم کی مکمل نگرانی کی جائے، والدین بچیوں کو اس جان لیوا بیماری سے محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، محکمہ صحت کی ٹیمیں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ گھر گھر جا کر ویکسی نیشن کی ترغیب دیں ۔