’اپنا میٹراپنی ریڈنگ‘ مہم سے کتنے لاکھ صارفین مستفید ہوئے؟جانئے
08-07-2025
(ویب ڈیسک)’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘مہم کو غیر معمولی پذیرائی ملی ہے اور اب تک 10 لاکھ سے زائد صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔
وزارت توانائی کے ترجمان نے ویلتھ پاکستان کو بتایا کہ یہ اقدام حکومت کی اس وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد زائد بلنگ اورغلط میٹر ریڈنگ جیسے مسائل پر قابو پانا ہے۔اس مہم کے ذریعے صارفین کوبااختیار بنانے کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا مؤثراستعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ ’’پاور اسمارٹ‘‘ ایپ کے ذریعے متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے بجلی کے صارفین اپنی میٹر ریڈنگ خود جمع کرا سکتے ہیں۔صارفین میٹر کی تصویر اپ لوڈ کر کے بلنگ میں غلطیوں،تاخیر اور تنازعات کے امکانات کو کم کر سکتے ہیں جس سے ایک شفاف اورمنصفانہ نظام تشکیل پاتا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ وفاقی وزیر برائے توانائی سرداراویس لغاری کی قیادت میں بلنگ نظام میں اصلاحات کے لئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔’’پاور اسمارٹ‘‘ ایپ کے ذریعے صارفین کو خود ریڈنگ دینے کا اختیار حاصل ہے جس سے زائد بلنگ کے خلاف کارروائی کو آسان بنایا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ایپ کو صارفین کی جانب سے بھرپور ردعمل ملا ہے اور ملک بھر میں 10 لاکھ سے زائد افراد اس سہولت کو استعمال کر رہے ہیں۔وزارت کے اہلکار کے مطابق جون 2024 تک بجلی کے شعبے کو 591 ارب روپے کے نقصانات کا سامنا تھا تاہم خود میٹر ریڈنگ جیسے اصلاحاتی اقدامات کے باعث ان نقصانات میں 191 ارب روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں عوامی خدمات کے شعبے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا تیزی سے اپنانا شفافیت، احتساب اور سہولت کی فراہمی کی بہترین مثال ہے۔