پنجاب کے بیشتراضلاع میں بارشیں متوقع، پی ڈی ایم اے انتظامیہ الرٹ

08-07-2025

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون فلڈ کی صورتحال سے متعلق فیکٹ شیٹ جاری کر دی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی 46، منگلا 34، منڈی بہاؤالدین 33، ڈی جی خان 27، اٹک 20، جہلم 15، گوجرانوالہ 09، سیالکوٹ 07، چکوال 5، حافظ آباد 3 اور لاہور، نارووال ، میانوالی میں 1 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں، مون سون بارشوں کا چھٹا سپیل آج ختم ہونے کی پیشگوئی ہے۔  ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں تربیلا، کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، دریائے چناب، جہلم، راوی ، ستلج ، رودکوہیوں اور بڑے دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تربیلا ڈیم 96 فیصد ،منگلا ڈیم 62 فیصد تک بھر چکاہے، بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 56 فیصد تک ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بچوں کا خیال رکھیں انہیں برساتی نالوں، نشیبی علاقوں، دریاؤں اور نہروں میں ہرگز مت نہانے دیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 164 شہری جاں بحق ہوئے ، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، 582 شہری زخمی، 216 گھر متاثر اور 121 مویشی ہلاک ہوئے۔