لاہور: رواں سال ڈکیتی مزاحمت سمیت مختلف واقعات میں 204 افراد قتل کر دیئے گئے
08-06-2025
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے شہر لاہور میں قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی مزاحمت کے دوران قتل کی وارداتیں جاری، رواں سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران مختلف علاقوں میں 204 افراد کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ڈکیتی مزاحمت پر قتل کے 5 جبکہ اقدام قتل کے 414 مقدمات درج کئے گئے تاہم ڈکیتی مزاحمت پر قتل کی 3 وارداتوں کیساتھ صدر ڈویژن سرفہرست رہا، سٹی ڈویژن میں ڈکیتی مزاحمت پر 2 افراد کو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ریکارڈ کے مطابق قتل کی وارداتوں میں ماڈل ٹاؤن ڈویژن 45 مقدمات کے ساتھ سر فہرست رہا، صدر ڈویژن قتل کی 44 وارداتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، کینٹ ڈویژن قتل کے 39 مقدمات کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، سٹی ڈویژن میں 32، سول لائنز اور اقبال ٹاؤن ڈویژن میں 22، 22 افراد قتل ہوئے۔ اقدام قتل کی وارداتوں میں کینٹ ڈویژن 120 مقدمات کے ساتھ سر فہرست رہا، ماڈل ٹاؤن ڈویژن اقدام قتل کی 82 وارداتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، سٹی ڈویژن اقدام قتل کے 76 مقدمات کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، صدر ڈویژن میں 72، اقبال ٹاؤن ڈویژن میں اقدام قتل کے 38 مقدمات درج ہوئے جبکہ سول لائنز ڈویژن میں 7 ماہ میں اقدام قتل کی 26 وارداتیں ہوئیں۔