لاہور: حلقہ این اے 129 ضمنی الیکشن: پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کے کاغذات جمع ہو گئے
08-06-2025
(لاہور نیوز) حلقہ این اے 129 سے ضمنی الیکشن کیلئے 25 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں، آر او آفس نے اعتراض دور ہونے پر حماد اظہر کے کاغذات بھی منظور کر لئے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کے والد اور سیاست دان میاں اظہر کی وفات بعد الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 129 کی نشست پر الیکشن کا اعلان کر رکھا تھا جس کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آج (6 اگست) آخری دن تھا۔ ریٹرننگ افسر عثمان غنی کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے 129 میں 25 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جس میں پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے حافظ نعمان اور رانا مشہود، تحریک انصاف کی جانب سے حماد اظہر اور میاں اویس انجم نے کاغذات جمع کرائے ہیں تاہم ارسلان ظہیر بارے پی ٹی آئی ترجمان سینٹرل میڈیا کمیٹی کا کہنا تھا کہ ارسلان ظہیر پارٹی کے امیدوار نہیں۔ اسی طرح پیپلز پارٹی کی جانب سے حبیب جالب کی بیٹی طاہرہ جالب اور آصف ناگرہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، ریٹرننگ افسر کے مطابق امیدواروں کی عبوری فہرست کل آویزاں کر دی جائے گی، 8 اگست سے جانچ پڑتال کا عمل شروع ہو گا جبکہ حلقے میں ضمنی الیکشن 18 ستمبر کو ہو گا۔ واضح رہے کہ آر او آفس کے مطابق حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی پر معمولی نوعیت کا اعتراض آیا تھا جس پر ان کے کاغذات منظور نہیں کئے گئے تھے، آر او آفس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی میں ایک پوائنٹ کی کمی ہے، غلطی دور کر دی گئی تو کاغذات جمع کر لئے جائیں گے۔