پولیس شہداء، ملازمین کے بچوں کی ماہانہ فیس میں 50 فیصد رعایت

08-06-2025

(ویب ڈیسک) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس شہداء اور ملازمین کے بچوں کیلئے معیاری تعلیم کی فراہمی کے سلسلے میں ایک اور بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔

اس حوالے سے پنجاب پولیس اور نجی ادارے کنگزفورڈ کالج کے درمیان ایم او یو (معاہدہ) پر دستخط کئے گئے۔ معاہدے کی تفصیلات کے مطابق ایم او یو پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور کالج کے چیف ایگزیکٹو شیخ حسن منور  نے دستخط کئے، معاہدے کے تحت پولیس شہداء کے بچوں کو تعلیم، داخلہ اور دیگر سہولیات دی جائیں گی۔ حاضر سروس ملازمین کے بچوں کو داخلہ فیس اور ماہانہ فیس میں 50 فیصد رعایت ملے گی، دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے بچوں کو بھی یہی رعایت حاصل ہو گی۔ اس کے علاوہ کنگزفورڈ کالج کے سکولز میں بھی پولیس شہداء اور ملازمین کے بچوں کیلئے رعایتی فیس کا اعلان کیا گیا ہے، کالج کے طلبہ "فرینڈز آف پولیس" اور "والنٹئرز ان پولیس" پروگرامز میں بھی شمولیت اختیار کریں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور  نے کہا کہ ایم او یو کے تحت پولیس ملازمین کے بچوں کو معیاری تعلیم کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک 13 معروف تعلیمی اداروں کے ساتھ ایسے ایم او یوز سائن کئے جا چکے ہیں تاکہ شہداء اور ملازمین کے بچوں کو رعایتی یا مفت تعلیم دی جا سکے۔ اس موقع پر اجلاس میں اعلیٰ افسران بھی موجود تھے، جن میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین، اے آئی جی انسپکشن شائستہ ندیم اور اے آئی جی ایڈمن اسد اعجاز ملہی شامل ہیں۔