شاہدرہ میں المناک حادثہ، کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق

08-06-2025

(لاہور نیوز) شاہدرہ میں بل بورڈ اتارتے ہوئے 4 افراد کرنٹ لگنے کے باعث جان کی بازی ہار گئے،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا نوٹس، واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔

واقعہ شاہدرہ میں سروس روڈ دولت خان بازارمیں پیش آیا۔ 4 افراد 100 روپے سیل والی دکان کا بورڈ اتار رہے رہے تھے، دو افراد دکان کے ملازم اور سیکنڈ فلورپررہائش پذیر تھے، ایک مزدور اور ایک رکشہ ڈرائیور تھا۔   جاں بحق ہونے والوں کی شناخت اویس، ندیم، نعمان اور الماس کے ناموں سے ہوئی ہے، ریسکیو کی امدادی ٹیموں، واپڈا اہلکاروں اور مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر جھلسے ہوئے 4 افراد کی ڈیڈ باڈیز کو پونے گھنٹے بعد اتار کر ہسپتال منتقل کیا۔ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے اویس حیدر اور نعمان خالد پیپلز کالونی ضلع وہاڑی کے رہائشی تھے، متوفی الماس باغبانپورہ، ندیم کھاڑک نالہ سبزہ زار لاہور کا رہائشی تھا۔ واقعہ کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کرنٹ لگنے سے ڈیڈ باڈیز مکمل طور پر سڑ چکی تھیں، واپڈا اہلکاروں نے پہلے آکر بجلی بند کی اور ڈنڈوں کے ذریعے نعشوں کے اوپر سے بورڈ کو ہٹایا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔  وزیراعلیٰ نے چار افراد کے جاں بحق ہونے پرسوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔