لاہور: تحریک انصاف کی ریلیاں ناکام: کچھ ارکان اسمبلی و کارکنان پولیس کے ہتھے چڑھ گئے

08-05-2025

(لاہور نیوز) تحریک انصاف کی ریلیاں ناکام ہو گئیں، کچھ ارکان اسمبلی اور ورکرز پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔

پارٹی قیادت کارکنوں کو احتجاج کیلئے نکالنے میں ناکام رہی، پی ٹی آئی لاہور کی تنظیم بھی احتجاج کا اعلان کر کے غائب رہی جبکہ پی ٹی آئی کے کچھ ارکان اسمبلی و کارکنان جو متحرک نظر آئے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ پائن ایونیو میں ریلی نکالنے پر ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین الدین گرفتار ہوئے، ارکان اسمبلی میجر (ر) اقبال خٹک، فرخ جاوید مون، سردار ندیم صادق، امین اللہ خان، شعیب امیر اعوان اور خان صلاح الدین کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا، علاوہ ازیں ریحانہ ڈار، عروبہ ڈار اور ناز بلوچ کو بھی پولیس نے ایوان عدل کے باہر سے گرفتار کر لیا۔ ڈپٹی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی شوکت بسراء  نے گلبرگ، ٹکٹ ہولڈر چوہدری اصغر گجر  اور حافظ ذیشان رشید نے کینال روڈ نکالی جبکہ تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے جاتی امرا میں ریلی نکالی، پولیس نے عالیہ حمزہ کو گرفتار کرنے کوشش کی مگر وہ بچ نکلیں۔ پی ٹی آئی لاہور کی تنظیم اور صدر شیخ امتیاز محمود خود منظر عام سے غائب رہے تاہم انصاف لائیرز فورم  نے پولیس کی جانب سے گرفتار رہنماؤں و کارکنوں کی ضمانتوں کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔