یوم استحصال کشمیر پر اظہارِ یکجہتی کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
08-05-2025
(لاہور نیوز) یوم استحصال کشمیر پر اظہارِ یکجہتی کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی۔
مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ نے قرارداد جمع کروائی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان کشمیری بہن بھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سرفہرست ایجنڈا ہے، بھارت نے طاقت کے زور پر کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کی لیکن بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام رہا۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ یہ ایوان مسئلہ کشمیر کو اقوام عالم کا سب سے پرانا اور حل طلب مسئلہ سمجھتا ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، یہ ایوان کشمیری عوام کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔