چینی کے نرخوں میں خودساختہ اضافے کیخلاف کریک ڈاؤن، 79 افراد گرفتار
08-05-2025
(لاہور نیوز) صوبہ پنجاب میں چینی کی سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کے خلاف پرائس کنٹرول اتھارٹی کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 915 دکانداروں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جن میں سے 79 افراد کو گرفتار، جبکہ 27 کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ ترجمان پرائس کنٹرول کے مطابق 836 افراد کو موقع پر ہی جرمانے عائد کئے گئے، کُل کارروائیوں کی مجموعی تفصیل کے مطابق اب تک 27 ہزار 413 افراد کے خلاف کارروائیاں کی جا چکی ہیں، جن میں سے 1,820 افراد کو گرفتار اور 303 کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ لاہور ڈویژن میں گراں فروشی کے 27 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 5 افراد کو گرفتار اور 2 کے خلاف قانونی مقدمات درج کئے گئے۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں 417، فیصل آباد میں 94، ساہیوال میں 10، سرگودھا میں 18 اور راولپنڈی ڈویژن میں 78 گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ اسی طرح بہاولپور میں 113، ڈیرہ غازی خان میں 52 اور ملتان ڈویژن میں 106 افراد کو چینی کی قیمتوں میں ناجائز منافع خوری پر نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان پرائس کنٹرول کا کہنا ہے کہ چینی سمیت روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ منافع خوری یا نرخ نامے کی خلاف ورزی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔