رواں سال جولائی میں سیمنٹ کی فروخت کی کیا صورتحال رہی؟تفصیل سامنے آگئی

08-04-2025

(ویب ڈیسک) جولائی 2025 کے دوران سیمنٹ کی فروخت میں 30 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 کے دوران سیمنٹ کی فروخت میں 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق جولائی 2025 میں مجموعی طور پر 3.997 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت ہوئی جب کہ گزشتہ مالی سال جولائی میں 3.071 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کی گئی تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 کے دوران مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت 2.988 ملین ٹن رہی، یہ حجم جولائی 2024 کے 2.524 ملین ٹن کے مقابلے میں 18.40 فیصد زیادہ ہے۔سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق جولائی 2025کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں بھی 84.21 فیصد کا زبردست اضافہ دیکھا گیا، یہ حجم جولائی 2024 میں 0.547 ملین ٹن کی ایکسپورٹ سے بڑھ کر جولائی 2025 میں 1.008 ملین ٹن تک پہنچ گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 میں شمالی علاقوں میں قائم سیمنٹ فیکٹریوں نے 2.650 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت کی جو جولائی 2024 کے 2.253 ملین ٹن کے مقابلے میں 17.61 فیصد زیادہ ہے۔