پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کاروائیاں: 16 معروف ریسٹورنٹس سیل کر دیئے گئے
08-03-2025
(لاہور نیوز) ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر خصوصی فاسٹ فوڈ چیکنگ مہم کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات پر 16 معروف ریسٹورنٹس سیل کئے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر خصوصی فاسٹ فوڈ چیکنگ مہم مکمل کر کے رپورٹ جاری کر دی گئی، جس کے مطابق 4 ہزار 812 فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کی جانچ پڑتال کی گئی، صفائی کے ناقص انتظامات پر 16 معروف ریسٹورنٹس سیل کر دیے گئے۔ ذرائع کے مطابق قوانین کی خلاف ورزیوں پر 710 ریسٹورینٹس کو 91 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے، 760 لٹر ناقص آئل، 534 کلو ایکسپائر اشیاء اور 106 لٹر کولڈ ڈرنکس جوس تلف کیا گیا، چیکنگ کے دوران 2 ہزار 686 ریسٹورنٹس کو مزید بہتری کیلئے اصلاحی نوٹس جاری کئے گئے۔ پنجاب ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق کچن ایریا میں کاکروچ، مکھیوں اور مچھروں کی بھرمار اور صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے، قوانین کے خلاف برتنوں کو نان فوڈ گریڈ سرف سے دھویا جارہا تھا، ڈی جی فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا تھا کہ سابقہ دی گئی ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے ہیں تاہم خوراک کا کاروبار کرنے کیلئے قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے۔