سرکاری نرخنامہ نظر انداز، سبزیوں کی قیمتیں غریبوں کی پہنچ سے باہر

08-03-2025

(لاہور نیوز) مہنگائی بے قابو ہوگئی، مارکیٹ میں سرکاری نرخ نامہ نظر انداز، سبزیوں کی قیمتیں غریبوں کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق ٹماٹر کے نرخ میں 15 روپے فی کلو اضافہ ہو گیا، ٹماٹر کا سرکاری نرخ 90 روپے کلو مقرر جبکہ مارکیٹ میں درجہ اول ٹماٹر 140 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔  آلو کا سرکاری نرخ 85 روپے کلو مقرر ہے تاہم مارکیٹ میں آلو 100 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے، پیاز کا سرکاری نرخ بدستور 55 روپے کلو مقرر ہے البتہ مارکیٹ میں پیاز 70 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔  لہسن چائنہ کا سرکاری نرخ 260 روپے کلو مقرر ہے لیکن مارکیٹ میں لہسن 350 روپے کلو تک بک رہا ہے، ادرک چائنہ کا نرخ 460 روپے کلو مقرر ہے، مارکیٹ میں ادرک 600 روپے کلو تک ہے۔ لیموں دیسی کا ریٹ 305 روپے کلو مقرر ہے، مارکیٹ میں لیموں 400 روپے کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، بھنڈی 200، کدو 240اور شملہ مرچ 230روپے کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ دوسری طرف برائلر گوشت کے نرخ برقرار ہیں، برائلر گوشت کا نرخ 562 روپے کلو مقرر کیا گیا ہے۔ فارمی انڈے ایک روپے اضافے سے 278روپے فی درجن دستیاب ہیں۔