تجاوزات آپریشن: پکڑے گئے سامان کی نیلامی میں کروڑوں کی بے ضابطگیاں

08-01-2025

(لاہور نیوز) میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) کی جانب سے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے، 6 کروڑ 55 لاکھ روپے مالیت کے پکڑے گئے سامان کی نیلامی پر سنگین بے ضابطگیوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایم سی ایل انتظامیہ نے خلافِ قانون سامان کو کرش کر کے نیلام کیا۔ قانون کے مطابق ضبط شدہ سامان کو نیلام تو کیا جا سکتا ہے، مگر اسے کرش کرنے کی اجازت نہیں، ریگولیشن برانچ نے سامان کو سکریپ ریٹ پر نیلام کر کے سرکاری خزانے کو ممکنہ طور پر نقصان پہنچایا۔ شہر کے 8 بڑے ویئر ہاؤسز جہاں سامان بھرا ہوا تھا، جس کی نیلامی کی ریزرو پرائس صرف 2 کروڑ 12 لاکھ روپے رکھی گئی تھی، ایم سی ایل انتظامیہ کے مطابق سامان کو کرش کرنے کا مقصد یہ تھا کہ یہ دوبارہ تجاوزات کی شکل میں سڑکوں پر واپس نہ آ سکے۔ یاد رہے کہ شہر بھر میں ایم سی ایل کے کل 12 ویئر ہاؤسز موجود ہیں، جن میں سے 8 ویئر ہاؤسز کا سامان نیلام کیا گیا۔