جان لیوا حادثات: کارروائی میں تاخیر کرنیوالے افسروں کیخلاف ایکشن کا فیصلہ
08-01-2025
(لاہور نیوز) حادثات کی روک تھام کیلئے بڑا اقدام، جان لیوا حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی، تاخیر کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ ایکشن کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے یکم جنوری سے اب تک جان لیوا حادثات کا ریکارڈ طلب کر لیا، حادثات میں ملوث ڈرائیور پر بروقت ایکشن نہ لینے والے ڈی ٹی او اور متعلقہ ٹریفک آفیسر کے خلاف سخت محکمانہ و قانونی کاروائی ہو گی۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ صوبہ بھر میں مہلک حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے خلاف ایف آئی آر کا بروقت اندراج یقینی بنایا جائے, سنگین ٹریفک حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے ساتھ ٹرانسپورٹ کمپنی کی انتظامیہ کے خلاف بھی مقدمہ درج ہو گا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ مہلک حادثات میں ورثا کی عدم دلچسپی کی صورت میں ٹریفک پولیس خود مقدمات درج کروائے گی، ٹریفک پولیس مہلک حادثات کی مکمل پیروی کرے گی۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ جان لیوا اور خطرناک حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے لائسنس منسوخ ہوں گے اور دوبارہ گاڑی نہیں چلا سکیں گے، سنگین ٹریفک حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے ساتھ ٹرانسپورٹ کمپنی کی انتظامیہ کے خلاف بھی مقدمہ درج ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطرناک اور ریش ڈرائیونگ کرنے والے ڈرائیورز کسی رعایت کے مستحق نہیں، پنجاب کو محفوظ بنانے کے عزم کو ہم یقینی بنائیں گے۔