چینی کے مقرر کردہ نرخوں کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن، 123 افراد گرفتار
07-31-2025
(لاہور نیوز) پنجاب میں چینی کے مقرر کردہ نرخوں پر عمل نہ کرنے والے گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 1344 دکانداروں کے خلاف چینی کی قیمتوں میں ناجائز منافع خوری پر کارروائیاں کی گئیں، ترجمان پرائس کنٹرول کے مطابق مختلف اضلاع میں سخت کارروائیاں کی گئیں جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 123 افراد گرفتار کئے گئے جبکہ 11 کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ رواں ہفتے صوبے میں مجموعی طور پر 19 ہزار 714 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی، جن میں سے 1133 افراد کو گرفتار اور 161 کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں، اس دوران 859 افراد کو جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔ لاہور ڈویژن میں 74 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جس میں 5 افراد کو گرفتار اور 10 کے خلاف مقدمات درج کئے گئے، گوجرانوالہ ڈویژن میں 265 جبکہ فیصل آباد ڈویژن میں 241 دکانداروں کیخلاف چینی کی قیمتوں کی خلاف ورزی پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، ساہیوال ڈویژن میں 4، سرگودھا میں 36 اور راولپنڈی میں 422 گراں فروشوں کے خلاف سخت اقدامات کئے گئے۔ اسی طرح بہاولپور ڈویژن میں 85، ڈی جی خان میں 21 اور ملتان میں 196 چینی گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ ترجمان پرائس کنٹرول نے عوام سے اپیل کی ہے کہ چینی کے مقررہ نرخوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور ناجائز منافع خوری سے اجتناب کریں تاکہ مارکیٹ میں استحکام برقرار رہے۔