پولٹری کے بروکرز اور سپلائرز کی رجسٹریشن کرنے کا فیصلہ

07-31-2025

(لاہور نیوز) حکومت نے چکن کی قیمتوں کو ریگولائز کرنے کیلئے پولٹری کے نمائندوں ، بروکرز اور سپلائرز کو رجسٹر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

صوبائی وزیر لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی صدارت میں محکمہ لائیو سٹاک کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک( ٹیکنیکل)، ڈی جی ریسرچ، توسیع لائیو سٹاک اور دیگر شریک ہوئے۔ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے پرائس کنٹرول سلمیٰ بٹ، سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ اور سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں پولٹری پرائس کنٹرول، پروڈکشن اور سپلائی چین و مارکیٹنگ بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سید عاشق حسین کرمانی نے بتایا کہ پولٹری کے کاروبار سے وابستہ برائلر ایسوسی ایشن کے نمائندوں سمیت بروکرز اور سپلائرز کی رجسٹریشن کرنا انتہائی ضروری ہے ، چکن کی فراہمی ، قیمتوں کو ریگولائز کرنے اور عوام تک پہنچانے کیلئے رولز میں بھی ضروری ترامیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،کیونکہ حکومت عوام تک چکن کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔