چینی 200 پر بکنے لگی، مقررہ نرخوں پر فروخت سرکار کیلئے چیلنج

07-31-2025

(لاہور نیوز) مارکیٹ میں چینی 190 سے 200 روپے فی کلو تک بکنے لگی ، مقررہ نرخوں پر چینی کی فروخت سرکار کیلئے چیلنج بن گئی۔

لاہورسمیت مختلف شہروں میں چینی 190 سے 200 روپے فی کلو فروخت ہونے لگی، لاہور کے بازاروں میں چینی ناپید ہوگئی، چھوٹے دکانداروں نے چینی رکھنا چھوڑ دی۔ لاہورمیں چینی کی بدستور قلت برقرار ہے، حکومت نے ریٹیل نرخ173 روپے کلو مقرر کر رکھا ہے مگر چینی کی  بازار میں  ہول سیل قیمت176 روپے کلو ہے، جس کے باعث جرمانوں اور گرفتاریوں سے بچنے  کیلئے پرچون و کریانہ دکاندار چینی کی خرید و فروخت  سے اجتناب کر رہے ہیں۔ دوسری طرف شہری چینی نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی دنوں سے چینی کی دستیابی کا مسئلہ بنا ہوا ہے،حکومت نے چینی پہلے ایکسپورٹ کی ،اب امپورٹ کررہے ہیں کچھ سمجھ نہیں آرہا ہے۔ صدر کریانہ مرچنٹس پنجاب حافظ عارف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ  پرچون دکانداروں کو ہراساں کرنے سے گریز کرے،جس دکاندار کے پاس چینی نہیں اسے بھی گرفتار کیا جارہا ہے، تاجر ضلعی  افسران کی بدتمیزی اور ہراسانی برادشت نہیں کریں گے۔