مذاکرات کامیاب: بلوچستان حق دو مارچ اسلام آباد کی بجائے لاہور پریس کلب تک جائیگا

07-30-2025

(لاہور نیوز) بلوچستان حق دو مارچ کے اسلام آباد روانہ ہونے کے معاملے پرحکومتی کمیٹی اور جماعت اسلامی کے مذاکرات کامیاب ہوگئے، کارواں اسلام آباد جانے کی بجائے لاہور پریس کلب تک جائے گا۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں یہ طے پایا ہے کہ کارواں اسلام آباد جانے کی بجائے لاہور پریس کلب تک جائے گا، وفاق کی سطح پر ایک کمیٹی بھی بنائی جائے گی جو مارچ کے شرکاء کے مطالبات کے حوالے سے مذاکرات کرے گی، پچھلے دو روز سے منصورہ میں مارچ کے شرکاء کی مہمان نوازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مارچ کے راستے میں جو جو رکاوٹیں پیدا ہوئیں اس کے حل کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے کمیٹی تشکیل دی گئی،مریم اورنگزیب حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی سربراہی کر رہی تھیں،حکومتی کمیٹی میں خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر صہیب برتھ بھی شامل تھے۔ لیاقت بلوچ نے بتایا کہ پچھلے دو روز سے ہمارے منصورہ میں حکومتی کمیٹی سے مذاکرات چل رہے تھے، مذاکرات میں جماعت اسلامی کی جانب سے میں، امیر العظیم اور ہدایت الرحمٰن شامل تھے۔  انہوں نے کہا کہ بلوچستان حق دو مارچ جو بلوچستان کے حقوق کے لیے کوئٹہ سے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا لاہور پہنچا، مارچ کے راستے میں کئی رکاوٹیں ڈالی گئیں لیکن مارچ کے شرکاء استقامت سے کام لیتے ہوئے پر امن رہے،مارچ اسلام آباد جانا چاہتا تھا لیکن حکومت پنجاب نے اپنی خواہش سامنے رکھی،ہماری ترجیح ہے کہ مارچ کے اصل مقصد کو ترجیح دی جائے۔ لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں وہی مارچ کے مطالبات ہیں، بلوچستان کے لوگ قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں اور بلوچستان کمیاں محسوس کر رہا ہے اسے دور کیا جائے گا، وفاق کی سطح کی کمیٹی بننے کے بعد مارچ کے شرکاء کا وفد بلوچستان کے حقوق کے حوالے سے مطالبات کمیٹی کے آگے رکھے گا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی نےدو دن طویل مذاکرات کیے جس میں جماعت اسلامی کے لوگ بھی موجود تھے، دونوں جانب سے ممبران نے اپنی پوری کوشش کی کہ اس کا مسئلہ حل کیا جائے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے مارچ کے شرکاء کا خاص خیال رکھنے کا کہا گیا،وزیراعلیٰ کی جانب سے کہا گیا کہ ہمارے بھائی جو بلوچستان سے مطالبات لے کر آرہے ہیں وہ ہمارے بھی دل کے قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارچ کے شرکاء جو بلوچستان کے حقوق کے مطالبات لے کر آئے ہیں ،یہ مارچ یہاں سے پریس کلب جا کر پڑاؤ ڈالے گا وہاں سے مارچ کا وفد اسلام آباد جائے گا، وفاق کی جانب سے کمیٹی بنائی جائے گی جس میں عطاءاللہ تارڑ، طلال چوہدری، جام کمال اور رانا ثناءاللہ مذاکرات کا حصہ ہونگے جن کے ساتھ مارچ کے شرکاء کا وفد مذاکرات کرے گا۔