ٹولنٹن مارکیٹ میں زیرزمین پارکنگ پلازے کی منظوری، منصوبہ ٹیپا کے سپرد
07-29-2025
(لاہور نیوز) لاہور کی تاریخی ٹولنٹن مارکیٹ میں زیرزمین پارکنگ پلازے کی تعمیر کا منصوبہ منظور کر لیا گیا جس کی ذمہ داری ٹیپا کو سونپ دی گئی۔
منصوبے کے تحت گراؤنڈ پلس دو بیسمنٹ پر مشتمل جدید پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے گا، جس میں 108 کاروں اور 440 موٹرسائیکلوں کی گنجائش ہو گی، پارکنگ پلازہ 78 کروڑ 16 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق منصوبے میں فائر فائٹنگ سسٹم، سی سی ٹی وی کیمروں اور لفٹ سمیت دیگر جدید سہولیات شامل ہوں گی، منصوبہ 8 ماہ کی مدت میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ یہ پارکنگ پلازہ نہ صرف مارکیٹ کے اردگرد ٹریفک کے دباؤ کو کم کرے گا بلکہ شہریوں کو محفوظ پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کرے گا۔