پنجاب اسمبلی: مویشیوں سے حاصل آمدنی پر ٹیکس ختم کرنے کا بل منظور
07-29-2025
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی نے مویشیوں سے حاصل ہونے والی آمدنی پر ٹیکس ختم کرنے کی تجویز کو اکثریتی رائے سے منظور کر لیا۔
پنجاب ایگریکلچر انکم ٹیکس (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری دے دی گئی، بل کی منظوری گزشتہ روز ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں دی گئی۔ ترمیمی بل کے تحت ایگریکلچرل انکم ٹیکس ایکٹ 1997 میں ترامیم کی جائیں گی جس کے مطابق سیکشن 2 کے سب سیکشن 1 کی شق (D) اور (E)کو قانون سے مکمل طور پر حذف کرنے کی تجویز شامل ہے، یہ دونوں شقیں مویشیوں اور لائیو سٹاک سے حاصل ہونے والی آمدنی سے متعلق تھیں، جنہیں اب ٹیکس کے دائرہ کار سے مکمل طور پر نکال دیا جائے گا۔ بل کی منظوری سے قبل متعلقہ قائمہ کمیٹی نے بھی ان ترامیم کی توثیق کی، اب اس قانون کی حتمی منظوری گورنر پنجاب کی جانب سے دی جائے گی جس کے بعد یہ باقاعدہ نافذ العمل ہو جائے گا۔