موٹروے پیدل کراس کرنے پر شہری کے خلاف ایف آئی آر درج
07-29-2025
(لاہور نیوز) موٹروے کو پیدل عبور کرنا شہری کو مہنگا پڑ گیا، موٹروے پولیس نے شہری کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شہری سجاد محمود نے موٹروے کو غیرقانونی طور پر پیدل کراس کیا جو کہ نہ صرف ایک جرم ہے بلکہ انتہائی خطرناک بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ موٹروے پولیس نے اس اقدام پر تھانہ ہنجروال میں دفعات 290 اور 291 کے تحت ایف آئی آر درج کروانے کیلئے استغاثہ جمع کرایا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ موٹروے کو پیدل کراس کرنا قانونی طور پر جرم ہے اور اس سے نہ صرف اپنی جان بلکہ دوسروں کی زندگی کو بھی شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں، یہ غیر ذمہ دارانہ عمل متعدد جان لیوا حادثات کا باعث بن چکا ہے۔ موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کو اپیل کی گئی ہے کہ وہ فٹ برج کا استعمال کریں اور اپنی جان کی حفاظت کو یقینی بنائیں، موٹروے جیسے ہائی سپیڈ زون میں اس طرح کا عمل کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔