انجری کے باعث شاداب کی ایشیا کپ میں شرکت مشکوک ہونے لگی

07-28-2025

(ویب ڈیسک) انجری کا شکار قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کے ایشیا کپ 2025 میں شرکت نہ کرنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق آل راؤنڈر شاداب تاحال کندھے کی انجری سے مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے ہیں،انہوں نے رواں ماہ کے آغاز میں برطانیہ میں سرجری کروائی تھی۔ یہ وہی انجری ہے جس کے باعث وہ بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ ٹی20 سیریز اور دورہ ویسٹ انڈیز سے بھی باہر رہے تھے۔میڈیکل ماہرین کے مطابق شاداب کو مکمل صحتیابی کے لیے کم از کم تین ماہ درکار ہیں جس کے پیشِ نظر ان کی اکتوبر سے قبل واپسی ممکن نظر نہیں آتی۔ ایشیا کپ کا انعقاد 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہوگا جو اس سال ٹی 20 فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔یہ ایونٹ آئندہ سال بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے لیے بھی اہم سمجھا جا رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تاحال شاداب خان کے نائب کپتان کے متبادل کا اعلان نہیں کیا۔