لاہور ریلوے اسٹیشن پر مفت وائی فائی لگایا گیا ہے: وزیر ریلوے
07-27-2025
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ اب بدلا ہوا پاکستان ہے، پاکستان کی دنیا میں جو عزت اب ہے وہ پہلے نہیں تھی یہ کہتے ہوئے شرمانا نہیں چاہیے کہ فیلڈ مارشل اور وزیر اعظم کی وجہ سے سر اٹھا کر دنیا میں گھوم رہے ہیں۔
لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ ہمیشہ سے تعلق صحافیوں سے اچھا رہا، لاہور پریس کلب پورے پاکستان کا بڑا پریس کلب ہے، ادھر لوگوں نے اپنی زندگیاں دی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی کی نہیں بلکہ لاہور کی سڑکوں پر تعلیم حاصل کی، ایف سی کالج میں پڑھا، طالب علمی میں سیاست شروع کی، جب ریلوے کا چارج سنبھالا تو کوئی بڑے دعویٰ نہیں کئے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ پچیس سال قید کے باوجود ملک کو برا نہیں کہا میرے لیڈر نے بھی صبر و استقامت کے ساتھ جیل کاٹی لیکن کچھ لوگ قید میں ہیں تو چیخینا چلانا اور گالی گلوچ کیا جا رہا ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ اس دشمن کو شکست دی جس کے پاس پندرہ جہاز تو ہمارے پاس ایک جہاز تھا، بہترین خارجہ پالیسی سے دنیا نے پاکستان کی طاقت کو تسلیم کرلیا ہے بھارت زخم چاٹ رہا ہے۔ ریلوے میں فوڈ کوالٹی کو بہتر کیا ہے، کوالٹی ایجوکیشن کےلئے ریلوے کے چھ سکولوں کو آئوٹ سورس کر رہے ہیں، جب تک ریلوے میں سرمایہ کاری نہیں کریں گے ملکی معیشت میں بہتری نہیں آ سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئلے کو پاور پلانٹ کےلئے 105کلومیٹر کا ٹریک تیس اپریل تک مکمل ہوگا، کول پاور پلانٹ پر کوئلے کی بہترین ترسیل سے پندرہ روپے یونٹ سے ساڑھے چار روپے میں فی یونٹ ملے گا جبکہ چار ٹرینوں کے ریکوڈکٹ کیلئے 2028 کا معاہدہ ہو جائے گا۔