جعلی ڈرنکس یونٹس کو پلاسٹک بوتلیں سپلائی کرنے والا یونٹ بے نقاب
07-27-2025
(لاہور نیوز)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی پلاسٹک بوتلیں تیار کرنے والا یونٹ پکڑ لیا، جو مختلف جعلی ڈرنکس یونٹس کو بوتلیں فراہم کر رہا تھا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق رہائشی علاقے میں قائم اس یونٹ پر خفیہ اطلاع پر رات گئے چھاپہ مارا گیا جہاں معروف برانڈز کی نقلی بوتلیں تیار کی جا رہی تھیں۔ کارروائی کے دوران 1100 تیار شدہ نقلی پلاسٹک بوتلیں، 2 مولڈ ڈائی، بلوئنگ مشین، 9 بوریاں پری فوم خام مال تحویل میں لے لیا گیا اور موقع پر ہی مقدمہ درج کرایا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ یونٹ میں قوانین کے خلاف ناقص پلاسٹک استعمال کیا جا رہا تھا جس سے تیار شدہ بوتلیں جعلی مشروبات تیار کرنے والے یونٹس کو سپلائی کی جاتی تھیں۔ عاصم جاوید نے مزید کہا کہ جعلسازی اور عوامی صحت سے کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن جاری رہے گا۔