پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ
07-26-2025
(لاہور نیوز) پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
مختلف اضلاع میں 963 نئے فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کا نیا پروگرام، پوٹھوہار ریجن میں چھوٹے ڈیموں سے صاف پانی کے منصوبےشروع ہوں گے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سی ای او صاف پانی اتھارٹی نوید احمد نے جاری و نئے پراجیکٹس سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پانی کے منصوبوں میں2 سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس بھی شامل ہیں، بہاولپور،رحیم یارخان ودیگراضلاع میں صاف پانی منصوبوں پرجلد کام شروع ہو جائے گا۔ وزیر ہاؤسنگ کے مطابق سالانہ بنیادوں پرپانی کی فراہمی کےمتعدد نئے پراجیکٹس پرکام کیا جائے گا۔ سی ای و صاف پانی نے بتایا کہ منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا،آپریشنل اخراجات میں کمی کیلئے منصوبوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈی جی او اینڈ ایم زوہیب بٹ اور ڈی جی پروجیکٹس عامر خلیق بھی شامل تھے۔