مالی سال 2023-24 میں لائن لاسز میں کمی ریکارڈ کی گئی: لیسکو

07-25-2025

(لاہور نیوز) لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ مالی سال 2023-24 کے دوران لائن لاسز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

لیسکو چیف نے انسداد بجلی چوری مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں 2 لاکھ 17 ہزار سے زائد بجلی چوری کے کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 36 کروڑ یونٹ چارج کرکے 6 ارب روپے کی ریکوری کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال میں 95 ہزار اے ایم آئی سمارٹ میٹرز ہائی لاسز فیڈرز پر نصب کئے گئے ہیں تاکہ بجلی کے ضیاع اور چوری کو کنٹرول کیا جا سکے۔ انہوں نے بجلی چوری کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غربت اور بیروزگاری اس کی بڑی وجوہات ہیں، تاہم ایف آئی اے اور رینجرز کی مدد سے جاری مہم میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ لیسکو چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ بجلی چوری کے خلاف اقدامات جاری رکھے گا اور صارفین کو بہتر سروسز فراہم کرے گا۔