سکولوں میں بارشی پانی جمع، ڈینگی وائرس پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا
07-25-2025
(لاہور نیوز) مون سون بارشوں کے آغاز کے ساتھ ہی ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ شدت اختیار کر گیا۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کی اپنی داخلی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بیشتر سکولوں میں نکاسی آب کا مناسب بندوبست موجود نہیں، جس کے باعث بارشی پانی جمع ہونے لگا ہے۔ ذرائع کے مطابق سکولوں میں موجود کھڑے پانی کی وجہ سے ڈینگی مچھر کی افزائش کا شدید خطرہ پیدا ہو چکا ہے، تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے باعث متعدد سکول سربراہان کی جانب سے صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے حوالے سے سستی اور غفلت برتی جا رہی ہے جس پر محکمہ تعلیم نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز اور سکول سربراہان کو سخت ہدایات جاری کر دی ہیں کہ فوری طور پر اپنے اداروں میں موجود بارشی پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں اور صفائی کا عمل روزانہ کی بنیاد پر کروایا جائے۔ محکمہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ غفلت برتنے والے سربراہان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کیونکہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر نہایت ضروری ہیں۔