لاہور ہائیکورٹ: جعلی پولیس مقابلے کے خدشے پر دائر درخواست نمٹا دی گئی

07-25-2025

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے شہری مختار احمد کی بازیابی سے متعلق درخواست کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے نمٹا دیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار الفت بی بی کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار کے شوہر مختار احمد کو سی سی ڈی سرگودھا پولیس  نے اُس وقت گرفتار کیا جب وہ دونوں جنازے میں شرکت کیلئے جا رہے تھے۔ درخواست گزار  نے الزام عائد کیا کہ مختار احمد مختلف مقدمات میں ضمانت پر تھا، تاہم پولیس نے اس کے باوجود اسے حراست میں  لے لیا، مزید خدشہ ظاہر کیا گیا کہ مختار احمد کو ممکنہ پولیس مقابلے میں قتل کیا جا سکتا ہے۔ الفت بی بی نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ سی سی ڈی پولیس کو ممکنہ جعلی پولیس مقابلے سے روکا جائے اور اس کے شوہر کی فوری بازیابی کا حکم دیا جائے۔ دورانِ سماعت ایس پی سی سی ڈی ناصر عباس  نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مختار احمد کے خلاف مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر 26 مقدمات درج ہیں اور وہ اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ریمارکس دیئے کہ چونکہ متعلقہ شخص جوڈیشل ریمانڈ پر ہے اس لئے بازیابی کی درخواست غیر ضروری ہے، عدالت نے درخواست کو نمٹا دیا۔