لاہور ہائیکورٹ: شہری کی گمشدگی کے معاملے پر جیل سپرنٹنڈنٹس طلب

07-24-2025

(لاہور نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے شہری کی گمشدگی کے معاملے پر جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس کو 29 جولائی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

یہ فیصلہ سائرہ بی بی کی درخواست پر سماعت کے دوران کیا گیا، جس میں درخواست گزار  نے اپنے شوہر تنویر کی بازیابی کے لئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تنویر کے خلاف 30 مقدمات درج ہیں اور پولیس  نے انہیں 17 جولائی کو گرفتار کرکے کوٹ لکھپت جیل بھیج دیا تھا، تاہم ملزم جیل سے رہا ہونے کے بعد غائب ہو گیا جس کے بعد ان کے اہل خانہ کو اس کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ انہوں  نے دونوں جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس سے رابطہ کیا ہے لیکن ملزم کی موجودگی یا کسی بھی دیگر معلومات سے متعلق کوئی جواب نہیں ملا، وکیل نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا کہ پولیس  نے ملزم کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا ہو گا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں کوئی حتمی حکم نہیں دیا جا سکتا۔ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم  نے اس پر فیصلہ کیا کہ دونوں جیلوں (کوٹ لکھپت جیل اور کیمپ جیل) کے  سپرنٹنڈنٹس کو 29 جولائی کو عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ ان کا موقف سنا جا سکے، چیف جسٹس نے اس بات کا عندیہ دیا کہ جیل سپرنٹنڈنٹس کی رپورٹ کے بعد ہی کوئی حتمی حکم جاری کیا جائے گا۔